ملکی برآمدات کو 40 ارب ڈالر تک لانے کا ہدف طے

Last Updated On 13 January,2019 11:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ پانچ سال میں ملکی برآمدات کو 40 ارب ڈالر تک لانے کا ہدف طے کر لیا گیا، حکومت جلد 5 سالہ صنعتی پالیسی کا اعلان کرے گی۔

تجارتی خسارے میں کمی کی خاطر حکومت کی تمام تر توجہ برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی پر مرکوز ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت جلد ہی پانچ سالا صنعتی پالیسی کا اعلان کرنے جا رہی ہے۔

معیشت میں صنعتی شعبے کا حجم 13 اعشاریہ 5 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد لایا جائے گا۔ اس وقت بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 5 سے 6 فیصد کے درمیان ہے۔ حکومت اگلے پانچ سال میں اسے 10 فیصد تک لانا چاہتی ہے۔

ملکی برآمدات کو جی ڈی پی کے 8 اعشاریہ 2 فیصد سے بڑھا کر 12 اعشاریہ 5 فیصد تک لانے کا ہدف رکھا ہے جس کے لئے برآمدی شعبے میں استعمال ہونے والے خام مال پر عائد ڈیوٹیز میں کمی کا ہدف طے کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ آئندہ پانچ سال میں ملک میں سرمایا کاری بڑھانے کو خاص توجہ دی جائے گی۔ سرمایا کاری کو 16 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد تک لانے کا منصوبہ ہے۔