اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام ہو جائیں تیار، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ اوگرانے سمری تیار کر کے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے ارسال کردہ سمری میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نو روپے چوالیس پیسے فی لٹر اور پٹرول کی قیمت چار روپے اکہتر پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں آٹھ روپے چھ پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے بارہ پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی ہے۔
پٹرولیم اور وزارت خزانہ باہمی مشاورت کے بعد وزیراعظم عمران خان سے قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری لیں گی جبکہ وزارت خزانہ کل نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔ نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم مارچ سے ہوگا۔