کراچی: (دنیا نیوز) معیشت کو دستاویز کرنے کے حکومتی اقدامات کے نتائج نظر آنے لگے، دو ماہ میں عوام نے 176 ارب روپے مالیت کے 40 ہزار روپے والے بانڈز فروخت کر دیئے۔
کالے دھن سے بانڈز کی خریداری کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور معیشت کو دستاویزی بنانے کی خاطر حکومت نے 40 ہزار روپے والے بانڈز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تو عوام نے دھڑا دھڑ بانڈز فروخت کرنا شروع کر دیئے۔
جون جولائی میں عوام نے 40 ہزار روپے والے 176 ارب روپے کے بانڈز فروخت کر ڈالے، حکومتی اعلان سے قبل 40 ہزار والے بانڈز میں 258 ارب روپے کی سرمایا کاری تھی جو کم ہو کر اب صرف 82 ارب روپے تک رہ چکی ہے۔
اس عرصے میں نام سے رجسٹرڈ 40 ہزار والے بانڈز میں 7 ارب 10 کروڑ روپے کی نئی سرمایا کاری ہوئی اس طرح جولائی کے آخر تک نام سے رجسٹرڈ بانڈز میں کُل سرمایا کاری کا حجم 13 ارب 28 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ دو ماہ میں مجموعی طور پر بانڈز میں سرمایا کاری 951 ارب روپے سے کم ہوکر 766 ارب روپے تک رہ گئی۔