اوپن مارکیٹ: امریکی ڈالر مزید 10 پیسے سستا، سٹاک مارکیٹ میں مندی

Last Updated On 15 September,2019 03:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مسلسل ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بہتری کی جانب گامزن ہے، اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں امریکی کرنسی مزید سستی ہو گئی جبکہ سٹاک مارکیٹ میں معمولی مندی دیکھی گئی۔

 

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی روپیہ ایک مرتبہ پھر ڈالر حاوی ہو گیا، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی مزید 10 پیسے سستی ہو گئی، جس کے بعد روپیہ کے مقابلے میں ایک ڈالر 156 روپے 30 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ کی طرح انٹر بینک میں بھی ڈالر معمولی سستا ہوا،انٹر بینک میں امریکی کرنسی 1 پیسے سستا ہو کر 156 روپے 19 پیسےکی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران 1 ارب 27 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی اور حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 65.30 پوائنٹس گر گیا۔

گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی تھی اور انڈیکس 100 انڈیکس 591.78 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 31546.61 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم آج حصص مارکیٹ میں گراوٹ دیکھی گئی۔

مندی کے باعث پورے دن کاروبار میں 0.21 فیصد گراوٹ دیکھی گئی اور کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 65.30 پوائنٹس کمی کے بعد 31481.31 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔