لاہور: (ویب ڈیسک) انٹر بینک میں ڈالر مزید مہنگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر مستحکم رہی جبکہ سٹاک مارکیٹ میں معمولی مندی دیکھی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک کے دوران مسلسل دوسرے روز بڑھوتری دیکھی گئی، انٹر بینک میں امریکی کرنسی میں 8 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک ڈالر کی قیمت 156 روپے 32 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف انٹر بینک کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 156 روپے 40 پر مستحکم رہی۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز معمولی مندی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 19.63 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 19.63 پوائنٹس کی معمولی مندی دیکھی گئی، مندی کے بعد 100 انڈیکس 31908.92 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 32 ہزار کی حد عبور کر گیا تھا تاہم انویسٹرز کی طرف سے عدم دلچسپی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں تنزلی دیکھی گئی اور کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 31908.92 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔