کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے 25 ہزار کے نئے پرائز بانڈز کی فروخت پر پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق 25 ہزار روپے کے غیر رجسٹرڈ انعامی باؤنڈز ختم کرکے ان کی جگہ 25 ہزار روپے مالیت کے پریمیم رجسٹرڈ انعامی بونڈز متعارف کروادیے گئے۔
فنانس ڈویژن نے 25 ہزار پرائز بانڈز کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 31 مئی 2021ء سے 25 ہزار کے پرائز بانڈ ناقابل استعمال ہونگے۔ سٹیٹ بینک، نیشنل بینک سمیت 5 بینکوں کی 16 برانچوں سے تبدیل کروائے جاسکتے ہیں، انعامی رقم کے حصول کیلئے پرائز بانڈ شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ سٹیٹ بینک میں جمع کرانا ہوگا۔
فنانس ڈویژن کے مطابق بانڈ کیش کروانے والا شخص ذاتی حیثیت میں اپنے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرواسکے گا، بانڈز کو قومی بچت سے سپیشل سیونگز یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں تبدیل کروایا جاسکتا ہے۔ وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 40 ہزار روپے مالیت کے غیر رجسٹرڈ انعامی بونڈز بھی ختم کیے جاچکے ہیں۔