کراچی: (دنیا نیوز) ایک سال کے دوران بیرونی قرضوں میں 5 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2020ء تک غیرملکی قرضوں کا حجم 115 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
ماضی میں لئے گئے قرضوں کی واپسی حکومت کے لئے چیلنج بنی ہوئی ہے، خسارے کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کے باوجود قرض و سود کی ادائیگیاں چکانے لئے حکومت کو دوسرے قرضوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2019 کے مقابلے دسمبر 2020 میں بیرونی قرضے 5 ارب 10 کروڑ ڈالر اضافے سے 115 ارب 80 ڈالر تک پہنچ گئے جبکہ دسمبر 2019 میں بیرونی قرضوں کا حجم 110 ارب 70 کروڑ ڈالر تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کو بیرونی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ہر صورت میں برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے کوششیں تیز کرنا ہوگی۔