روپے کی بے قدری جاری، سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، اربوں کا فائدہ

Published On 14 June,2021 04:22 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر 156 روپے کی حد عبور کر گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 45 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 155 روپے 74 پیسے سے بڑھ کر 156 روپے 19 پیسے ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ ایک ماہ میں ڈالر 3 روپے 91 پیسے مہنگا ہوا ہے، 7 مئی کو انٹربینک میں ڈالر 152 روپے 28 پیسے پر تھا۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کیپیٹل گین ٹیکس میں کمی کے بعد حصص مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 421.36 پوائنٹس بڑھ گیا۔

کاروبار کا اختتام 48726.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز میں کاروبار میں 0.87 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 50 کروڑ 74 لاکھ 88 ہزار 762 شیئرز کا لین دین ہوا۔
 

Advertisement