کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی سپرہائی وے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی، شہری گذشتہ برس کے مقابلے قیمتیں زیادہ ہونے کا شکوہ کر رہےہیں، بیوپاریوں نے چاند نظر آنے کے بعد خریداری میں تیزی کی امیدیں باندھ لیں۔
عید الاضحی کے لیے مویشوں کا میلہ سج گیا، نو سو ایکڑ پر محیط ایشیاء کی سب بڑی مویشی منڈی نے کراچی میں رونقیں لگا دیں۔ سپرہائی وے پر واقع مویشی منڈی میں ایک لاکھ سے زائد قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتدائی ایام میں خریداروں کا رحجان کم ہے عید الاضحی کا چاند نظر آنے کے بعد خریداری میں تیزی کی امیدیں اب بھی باقی ہیں۔
جتنا بھاری جانور اتنی بھاری رقم، خریداروں نے گزشتہ سال کے مقابلے میں قیمتیں بہت زیادہ ہونے کاشکوہ کیا۔ اندرون ملک سے آئے پیوپاریوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافے کے باعث اس مرتبہ جانور مہنگے ہیں۔
منڈی انتظامیہ کا دعوی ہے کہ مویشیوں کو روزانہ کی بنیاد پر مفت پانی فراہم کیا جا رہا ہے، بیوپاریوں اور جانوروں کو تمام تر سہولیات بھی دی جارہی ہیں۔