ملک میں مہنگائی 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Published On 01 December,2021 09:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں مہنگائی اکیس ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، نومبر میں مہنگائی گیارہ اعشاریہ پانچ فیصد رہی۔ گھی ، کوکنگ آئل ، سبزیاں ، چینی ، دودھ سمیت سب کچھ مزید مہنگا ہوگیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد شہری علاقوں میں مہنگائی 12 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 10.9 فیصد تک پہنچ گئی۔ ٹماٹر131.64فیصد، گھی 10.87 ، کوکنگ آئل 9.71 فیصد، سبزیاں 10.47 اور انڈے 10.19 فیصد مہنگے ہوئے۔ دودھ ، چینی اور گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔

نومبر میں سالانہ بنیاد پر گھی 29.58، کوکنگ آئل 53.59 فیصد، آلو 17.66 جبکہ آٹا 19.04 فیصد مہنگا ہوا۔ بجلی کی قیمت میں 47.87 فیصد، پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 40.81 فیصد اضافہ ہوا۔ ادویات کی قیمتوں میں بھی 11.76 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب نومبر میں ماہانہ بنیادوں پر پیاز 7.97 فیصد چکن 4.34 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر پیاز 37.68 ،دال مونگ 27.03 اور آلو 17.66 فیصد سستے ہوئے۔
 

Advertisement