اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاور چائنا کو شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال دی باو فورم فار ایشیا کی سالانہ کانفرنس 2023ء میں شرکت کے بعد بیجنگ پہنچ گئے، پاور چائنا کے صدر چان گوانفو سے ملاقات میں احسن اقبال نے سی پیک کی کامیابی میں چینی کاروباری اداروں کے تعاون کو سراہا۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک منصوبے نے پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد فراہم کی، پاکستان چین کے ساتھ گہرے صنعتی تعاون کا خواہشمند ہے، چین نے پاکستان کی اس وقت مدد کی جب پورا ملک بجلی کی قلت کے باعث اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، سی پیک توانائی منصوبوں سے پاکستان اپنی توانائی کی کمی پر قابو پانے میں کامیاب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاور چائنا شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کرے، حکومت نے شمسی توانائی کے 10,000 میگاواٹ کے منصوبے شروع کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں، انہوں نے حکومت کی پاور چائنا کو منصوبوں پر عملدرآمد اور مسائل کے حل کیلئے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے چیئرمین مسٹر ڈو فی سے بھی ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ بلٹ اینڈ روڑ اقدام کا چین، پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اہمیت کا حامل ہے، سی پیک نے چند سالوں میں پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور جدید بنانے میں مدد کی ہے۔