حکومت کی ماحول اور معیشت دوست ٹرانسپورٹ توانائی بچت پالیسی متعارف

Published On 03 May,2023 04:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ماحول اور معیشت دوست ٹرانسپورٹ توانائی بچت پالیسی متعارف کرا دی، جس کے مطابق گاڑیوں کا نیا ٹول ٹیکس سلیب، پٹرول سستا، ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ چلے گی، دیگر ممالک کی طرح گاڑی کی بھی عمر مقرر، مدت مکمل ہونے پر کباڑخانے جائے گی۔

حکومت کی ماحول اور معیشت دوست توانائی بچت پالیسی پر مرحلہ وار عملدرآمد ہو گا، فضا میں کاربن کی مقدار بھی کم ہو گی، دنیا نیوز نے بچت پالیسی پلان کی تفصیلات حاصل کر لیں۔

دستاویز کے مطابق پہلے مرحلے میں 8 سو سی سی گاڑیوں کے لیے موٹر ویز، ہائی ویز پر ٹیکس کم ہو گا، 8 سو سے زائد سی سی کی گاڑیوں کے لیے ٹیکس سلیب زیادہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

دوسرے مرحلے میں 8 سو سی سی گاڑیوں کے لیے پٹرول بچت سکیم بھی شروع ہو گی، بڑے شہروں کے لیے ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ کا نظام تیار کیا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق ٹرانسپورٹ توانائی بچت پلان سے سالانہ 2 ارب 40 کروڑ لٹر تیل کی بچت ہو گی، ٹرانسپورٹ توانائی بچت پلان سے فضا سے 77 لاکھ ٹن کاربن کی مقدار کم ہو گی۔