اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید کے زیر صدارت گورننس سے متعلقہ امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، ممبر گورننس ڈاکٹر عدنان رفیق نے بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر محمد سمیع سعید نے گورننس سیکشن کو منصوبوں سے حاصل شدہ نتائج پر کڑی نظر رکھنے اور قومی اہمیت کےحامل منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اداروں اور نظام میں گڈ گورننس کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ترقی کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گورننس سیکشن کا کراس کٹنگ فنکشن تمام منصوبوں کی مناسب اور موثر نگرانی کا مطالبہ کرتا ہے، وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبوں سے حاصل ہونے والے معاشی اور سماجی نتائج پر کڑی نظر رکھی جانی چاہئے جبکہ منصوبوں پر خرچ ہونے والی ایک ایک پائی کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر توجہ دی جائے
محمد سمیع سعید نے مزید کہا کہ قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔