کراچی: (دنیا نیوز) شرح سود میں کمی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران 601 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 79 ہزار 619 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا جس کے باعث 100 انڈیکس 365 پوائنٹس اضافے کیساتھ 79 ہزار 17 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
ماہرین معیشت کے مطابق شرح سود میں کمی اور آئی ایم ایف سے معاملات میں پیشرفت کا سٹاک مارکیٹ پرمثبت اثر ہوا ہے۔
یاد رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کل پالیسی ریٹ 2 فیصد کم کر کے 17.5 فیصد کر دیا ہے، اس سے قبل پالیسی ریٹ 19.5 فیصد تھا۔
امریکی کرنسی
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی قدر گراوٹ کا شکار ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں امریکی کرنسی 10 پیسے سستی ہوگئی جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 278.44 روپے سے کم ہو کر 278.34 روپے پر آگیا ہے۔