ملک میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری کتنی رہی؟ سٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کردیئے

Published On 17 January,2025 11:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری بارے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 25-2024 کی پہلی ششماہی میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری سالانہ 20 فیصد بڑھ گئی۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 25-2024 کی پہلی ششماہی میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 1 ارب 32 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی، دسمبر 2024 میں بیرونی براہِ راست سرمایہ کاری میں سالانہ 33 فیصد کمی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2024 میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری گھٹ کر 17 کروڑ ڈالر رہی، دسمبر 2023 میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری 25.2 کروڑ ڈالر تھی۔

مرکزی بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف ڈی آئی 1 ارب 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھی، ماہانہ بنیادوں پر ایف ڈی آئی میں 23 فیصد کمی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2024 میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری 22 کروڑ ڈالر تھی، ایف ڈی آئی میں بنیادی حصہ دار چین، ہانگ کانگ اور برطانیہ رہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری کا رجحان پاور سیکٹر اور مالیاتی شعبے میں رہا۔