کراچی: (دنیا نیوز) ایران اسرائیل تنازع کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج مندی کا رجحان رہا۔
ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 2000 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،مندی کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 22 ہزار 91 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے جو سرمایہ کاروں کے لیے تشویشناک صورتحال ہے۔
کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1949 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 22 ہزار 143 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
سٹاک مارکیٹ میں آج 19 ارب 79 کروڑ 12 لاکھ 11 ہزار 697 روپے مالیت کے 23 کروڑ 81 لاکھ 92 ہزار 304 شیئرز کا لین دین ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تاریخی بلندیوں کے بعد مندی چھا گئی تھی، کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی تھی، 2300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 26 ہزار 718 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
بعد ازاں سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی چھا گئی جو کاروباری روز کے اختتام تک برقرار رہی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 259 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 24 ہزار 93 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔