شوگر مافیا بے لگام، لاہور میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک جا پہنچی

Published On 21 June,2025 09:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) شوگر مافیا ایک بار پھر بے لگام ہو گیا، شہر لاہور میں چینی کی قیمتوں نے ایک بار پھر عوام کی جیبوں پر کاری ضرب لگانا شروع کر دی۔

لاہور شہر میں ہول سیل اور پرچون مارکیٹ میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک جا پہنچی جبکہ انتظامی اقدامات کارآمد ثابت نہ ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو کا چینی کا تھیلا 8800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جو فی کلو قیمت 176 روپے بنتی ہے، شوگر ملز سے چینی 168 سے 169 روپے فی کلو کے نرخ پر فراہم کی جا رہی ہے لیکن یہ کمی صارفین تک نہیں پہنچ رہی۔

چند ہفتے قبل تک پرچون مارکیٹ میں چینی 175 روپے فی کلو میں دستیاب تھی تاہم اب قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ صرف پرچون دکانوں پر چھاپے مارنے اور ریٹ لسٹ چیک کرنے تک محدود ہے جبکہ اصل مسئلہ ہول سیل مارکیٹ میں قیمتوں کے تعین پر کوئی خاص توجہ نہ دینا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ فوری طور پر چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے مؤثر اقدامات کرے تاکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔