پشاور: چینی مقررہ قیمت سے زائد نرخوں پر فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم

Published On 18 July,2025 10:52 am

پشاور: (دنیا نیوز) محکمہ خوراک نے چینی کی ایکس مل ریٹ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیہ کے مطابق 15 جولائی سے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ ہر ماہ 2 روپے اضافے کے ساتھ 15 اکتوبر تک چینی کی نئی قیمتیں لاگو ہوں گی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر تک چینی کی زیادہ سے زیادہ ایکس مل قیمت 171 روپے فی کلو تک جائے گی جبکہ پرچون قیمت ایکس مل قیمت سے 8 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، ریٹیل قیمت کے تعین میں کرایہ، یوٹیلیٹی بلز اور لیبر کے اخراجات شامل ہوں گے جبکہ جغرافیائی حالات کے مطابق ضلع وار قیمتوں میں فرق کی اجازت دی جائے گی۔

محکمہ خوراک نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ حکام کو قیمتوں کے نفاذ، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی اور یومیہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔