ہڑتال کے معاملے پر تاجر تقسیم ، کراچی چیمبر کا آج کاروبار بند رکھنے کا اعلان

Published On 18 July,2025 10:25 pm

کراچی:(دنیا نیوز) صدر کراچیی چیمبر جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ شہر قائد سمیت دیگر تجارتی چیمبرز نے آج ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا۔

شہر قائد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے ماتحت تمام تجارتی چیمبرز کل ملک گیر ہڑتال کریں گے، حکومت کے ساتھ طویل مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے مگر  تحریری طور پر نہ دینے پر معاملہ بگڑ گیا، کہ حکومت سے استدعا کی ایف بی آر کےاضافی اختیارات سے متعلق بزنس کمیونٹی کو تحریری طور پر مطمئن کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے اضافی اختیارات میں ترمیم یا خاتمے تک ہڑتال کاسلسلہ جاری رہے گا، حکومت کی تحریری ضمانت نہ ملنے تک ہڑتال کی مدت آئندہ ایک روز سے بڑھا کر دو روز کی جاسکتی ہے۔

صدر کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کل اپنے حقوق کیلئے پرامن ہڑتال کررہی ہے ، کراچی،لاہور،ملتان،فیصل آباد،سیالکوٹ، پشاور کےتمام چیمبرز ہڑتال کے معاملے پر یکجا ہیں۔