ملتان: (دنیا نیوز) صدر پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ سازش کے تحت کپاس کو ملک سے ختم کیا جا رہا ہے، کپاس کو ختم کر کے امریکا کو خوش کیا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں خالد کھوکھر کا کہنا تھا کہ کپاس کی فصل مکمل زبوں حالی کا شکار ہے، سازش کے تحت کپاس کو ملک سے ختم کیا جا رہا ہے، کپاس کیلئے امریکا کی سب سے بڑی منڈی پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی جو قیمت آئی اس پر کاشتکار کی پیداواری لاگت پوری نہیں ہوتی، گنے کے ریٹ کو ڈی ریگولیٹ کر کے چینی کی قیمت فکس کی گئی، پاکستان میں فوڈ سکیورٹی ترجیح نہیں، پاکستان میں زراعت، گندم، چینی، آٹے اور روٹی پر سیاست ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گندم تمام فصلوں کا انجن ہے، گندم بہتر ہوگی تو تمام فصلیں بہتر ہوں گی، پاکستان میں ڈھائی کروڑ ایکڑ پر گندم کاشت ہوتی ہے، ہم نے 22 فیصد فاسفورس کھادوں کا کم استعمال کیا ہے، مناسب کھاد نہیں دیں گے تو پیداوار کیسے آئے گی؟
صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر نے مزید کہا کہ کاشتکار کو اس ملک میں پاکستانی تسلیم کیا جاتا ہے نہ انسان، جنوبی پنجاب میں شوگر ملز لائی جا رہی ہیں تاکہ کپاس کا مکمل خاتمہ ہوجائے، کپاس کو ختم کر کے امریکا کو خوش کیا جا رہا ہے، کاشتکار کے ساتھ منافقت اور جھوٹ بولا گیا ہے۔