یوٹیلیٹی سٹورز پورے پاکستان میں آج سے بند، ملازمین کیلئے 28 ارب روپے کا پیکیج

Published On 31 August,2025 03:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پورے پاکستان میں آج سے بند کیے جا رہے ہیں جبکہ ملازمین کے لیے 28 ارب روپے کا پیکیج رکھا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کیلئے پیکیج کا اعلان کیا ہے، 19.5ارب روپے کا پیکج تمام یوٹیلیٹی ملازمین کو دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے 11 ہزار 614 ملازمین ہیں، پورے پاکستان میں یوٹیلیٹی سٹورز کی پراپرٹیز کو بھی آکشن کیا جائے گا،ہم ملازمین کیلئے متفقہ پیکیج دینے جارہے ہیں۔

یہ بھی بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کو مجموعی طور پر 28ارب روپے کا پیکیج دیا جارہا ہے، ریگولر ملازمین کے لیے 13.18 ارب، کنٹریکٹ ملازمین کے لیے 3.6 ارب، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے لیے بھی 2 ارب روپے رکھے، اس پیکج کو وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تیار کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ آج دکھی دل سے کہنا چاہتا ہوں یہ ادارہ چلتا تو اچھی بات تھی، یوٹیلیٹی سٹورز کی وجہ سے ہر ماہ 60 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے، سر توڑ کوشش کی کہ یوٹیلیٹی سٹورز فعال رہیں۔