اسلام آباد: (مدثر علی رانا) پاکستان نے سیلاب کی وجہ سے آئی ایم ایف کو مائیکرو اکنامک فریم ورک میں تبدیلی کی درخواست کردی۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال سیلاب کے باعث جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد سے کم ہو کر 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، پالیسی سطح کے مذاکرات میں حکومتی ٹیم اور آئی ایم ایف کے رواں مالی سال کیلئے تخمینوں میں تضاد ہے۔
آئی ایم ایف کو بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 8 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، رواں مالی سال کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر 15 ارب ڈالر تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
بریفنگ دی گئی ہے کہ پاکستان کو تاحال بیرونی محاذ پر سخت چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو خطے میں ٹینشن کی صورت میں بیرونی استحکام پر دباؤ بڑھا سکتی ہے، سیلاب اور بیرونی خطرات جیسے چیلنجز معاشی ترقی کی شرح شرح متاثر کرسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خطے میں تناؤ اور بیرونی عدم استحکام سے پاکستان سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی متاثر ہو سکتا ہے، پالیسی سطح کے مذاکرات میں ایم ای ایف پی ڈرافٹ کو فائنل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ ریویو تک اہداف پر عملدرآمد کیلئے نئے سٹرکچرل بنچ مارک پاکستان کے حوالے کیے جا سکتے ہیں۔