وزیرِ خزانہ کا دورہ امریکا، ریکوڈک منصوبے کی مالی تکمیل کے اقدامات پر اتفاق

Published On 13 October,2025 09:28 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی دورہ امریکا کے دوران انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ریجنل وائس پریذیڈنٹ سے ملاقات ہوئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق محمد اورنگزیب نے ملاقات کے دوران پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں کو اجاگر کیا، پاکستان میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری زیر غور آئی، فریقین نے ریکو ڈک منصوبے کی مالی تکمیل کے اقدامات پر اتفاق کیا۔

اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد میں آئی ایف سی کے نئے ریجنل دفتر کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات ہوئی، پاکستان کے لیے آئی ایس ڈی بی کی طویل مدتی معاونت پر وزیرِ خزانہ نے اظہارِ تشکر کیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا گیا، ایم-6 موٹروے کے دو حصوں کی فنانسنگ کی منظوری پر وزیرِ خزانہ نے شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور تیل کی فراہمی کے منصوبوں میں مزید تعاون اور پاکستان کیلئے نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک (CEF) کی تیاری پر اتفاق کیا گیا۔