پشاور: (دنیا نیوز) زلمی آزادی کپ کے میچز کا سلسلہ خیبر پختونخواہ میں جاری ہے. ایونٹ کے تیسرے روز مانسہرہ زلمی, بٹہ گرام زلمی, صوابی زلمی اور ہری پور زلمی بلیوز نے اپنے میچز جیت لیے۔
پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جشن آزادی کی خوشی میں زلمی آزادی کپ کا سلسلہ پورے خیبر پختونخواہ میں جاری ہے۔ ان میچز میں جہاں خیبر پختونخواہ کے نوجوان کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہے ہیں وہیں مقامی کرکٹ فینز کو بھی کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا ہے۔ تیسرے دن کھیلے گئے میچ میں ہری پور زلمی بلیوز نے ایبٹ آباد زلمی کو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عاقب جمشید اٹھاون رنز بنا کر نمایاں رہے۔
دوسرے میچ میں صوابی زلمی گرینز نے بونیر زلمی بلیوز کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ صوابی کی جانب سے ہارون نے اکہتر رنز کی میچ وننگ کھیلی۔ تیسرے میچ میں بٹہ گرام زلمی نے ہری پور زلمی گرینز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی.فاتح ٹیم کی جانب سے شہریار احمد نے تریسٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔
ایک اور میچ میں مانسہرہ زلمی نے ایبٹ آباد زلمی بلیوز کو نو وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے شیر بادشاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔