دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک مرتبہ پھر دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے۔
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ویرات کوہلی نے اسٹیو اسمتھ سے پہلی پوزیشن چھین لی، ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی بلے باز اور بولر شامل نہیں ہے۔
انگلینڈ اوربھارت کے درمیان نوٹنگھم ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی گئی، بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بلے بازی میں آسٹریلوی اسٹیو اسمتھ سے پہلی پوزیشن چھین لی ۔
قومی بلے باز اظہر علی کی ایک درجہ تنزلی پندرہویں نمبر پر چلے گئے جبکہ باؤلنگ میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سرفہرست ہیں۔ پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ اٹھارویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر ہیں۔ ٹیموں میں بھارت کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔