مشفیق کی شاندار سنچری، بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 262 رنز کا ہدف دیدیا

Last Updated On 15 September,2018 08:56 pm

دبئی: (دنیا نیوز)ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو جیت کے لیے 262 رنز کا ہدف دے دیا۔

بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کے فیصلے کے بعد اننگز کا آغاز لٹن داس اور تمیم اقبال نے کیا لیکن سری لنکا کے بالر ملنگا کے پہلے ہی اوور میں 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ملنگا نے لٹن داس اور شکیب الحسن کو آؤٹ کیا اور دونوں ہی کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال زخمی ہونے کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جس کے بعد آنے والے کھلاڑی محمد متھن اور مشفیق الرحیم نے 131 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی۔

134 مجموعی اسکور پر محمد متھن 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمود اللہ اور مصدق حسین ایک ایک رنز بناکر پویلین لوٹے۔ بنگہ دیش کی جانب سے مشفیق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کی اور 144 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 262 رنز کا ہدف دیا ہے۔بنگلہ دیش کے اوپنر تمیم اقبال کلائی کے فریکچر کے باوجود آخری نمبر پر کھیلنے آئے اور ایک ہاتھ سے بیٹنگ کرتے رہے۔

سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 4، ڈی سلوا نے 2، لکمل، اپونسو اور پریرہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دبئی میں کھیلے جانےوالے پہلے میچ میں سری لنکاکی ٹیم میں تجربہ کار لاستھ مالنگا کوشامل کیا گیا ہے۔ سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھوز نے ٹاس کے بعد کی جانے والی گفتگو میں کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا اس ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرےگی۔ انھوں نے تسلیم کیاکہ دبئی کاموسم گرم ہے لیکن توجہ میچ پر مرکوزرہےگی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں آج سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں  6ٹیمیں شرکت کر رہی جن میں پاکستان،بھارت ،سری لنکا ،افغانستان، بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔پاکستان اپنا پہلا میچ 16ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 19ستمبر کو ہو گا۔ایشیا کپ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہیں جبکہ ایونٹ کا فائنل 28ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

گزشتہ روز ایونٹ میں شریک 6ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کرکے گروپ فوٹوبھی بنوایا ۔ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارا ٹیم کمبی نیشن شاندار ہے اور سب کا فوکس ایشیا کپ پر ہے ، اچھے میچز ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے ہمارا سفر جاری ہے ، چیمپئنز ٹرافی کے وقت ہماری ٹیم ینگ تھی لیکن اب کافی تجربات سے گزرچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی، شاداب خان، فخر زمان کی پرفارمنس میں دن بدن بہتری آ رہی ہے ، یہ سب میچ وننگ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے ۔بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے اس میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے ، پاکستان کے خلاف میچ کا انتظار ہے ، ہم ٹائٹل جیتنے کیلئے آئے ہیں اس لئے ہر میچ اہم سمجھ کر کھیلیں گے ۔سری لنکن ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ ماضی کی بات بھول چکے ، اب فوکس اچھا کھیلنے پر ہے ، کوئی بھی ٹیم کسی سے کم نہیں ہے ، کانٹے کے مقابلے دیکھنے کوملیں گے ۔بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ابھی وقت ہے ، ساری توجہ ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی پر مرکوز ہے ۔ ہانگ کانگ کے کپتان انشے رتھ نے کہا کہ ہم آئی سی سی کے فل ممبربھی نہیں لیکن اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں پہنچ گئے ،کوشش ہوگی کہ ہم اچھا تاثر چھوڑیں۔ افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے کہا ایونٹ میں اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے ،ہم آسان حریف ثابت نہیں ہونگے ۔