پاک بھارت زور کا جوڑ 19 ستمبر کو ہوگا

Last Updated On 17 September,2018 04:36 pm

لاہور (دنیا نیوز ) کرکٹ کی ایشیائی حکمرانی کے لیے جاری جنگ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا جوڑ انیس تاریخ کو پڑے گا جس کا کرکٹ دیوانوں کو شدت سے انتظار ہے، کرکٹ صرف گیند بلے کا کھیل نہیں رہا اعصاب شکن مقابلہ بن گیا ہے اور جب پاکستان اور بھارت جیسے روایتی حریف مدمقابل ہوں تو یہ زور کا جوڑ ہوتا ہے۔

ایشیا کپ میں فائنل سے پہلے فائنل انیس ستمبر کو شیڈول ہے جس ہائی وولٹیج میچ کا ابھی سے انتظار بڑھنے لگا ہے۔ ایشیائی ایونٹ میں پاک بھارت ٹیمیں بارہ بار آمنے سامنے آئیں، دونوں کی پانچ پانچ فتوحات یعنی برابر کے جوڑ نے بدھ کا میچ "زور کا جوڑ " بنا دیا۔

ون ڈے کرکٹ میں شاہینوں کی پہلے ہی اونچی اڑان ہے، ایک سو انتیس میچز میں 73 بار گرین شرٹس نے میدان مارا۔ 52 میں بھارتی سورما فاتح رہے، چار میچ بے نتیجہ تھے۔ یواے ای کے میدان ہمیشہ پاکستان کے لیے جیت کا نشان بنے، جاوید میانداد کا چھکے چھڑا دینے والا چھکا اور عاقب جاوید کی بھی بھارت ہی کے خلاف ہیٹ ٹرک سمیت میچ میں 7 وکٹیں تاریخ ساز ہیں۔

شارجہ میں ہونے والے 24 میں سے 18 میچ شاہینوں نے جیتے صرف چھ بار بھارتی کامیاب ہوئے۔

ایشیا کپ میں پاکستان کے سعید اجمل 25 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں اور بلے بازی میں سچن ٹنڈولکر 971 رنز بنا کر آگے ہیں۔ پاک بھارت کھلاڑیوں کی انفرادی اور اجتماعی پرفارمنسز نے انیس تاریخ کے میچ کو اور زیادہ دلچسپ بنا دیا ہے۔