مجھے کرکٹر بنانے کیلئے والد نے مرغی کا گوشت تک بیچا: معین علی

Last Updated On 17 September,2018 04:00 pm

لندن (نیٹ نیوز ) انگلش آل رائونڈر معین علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد نے انہیں کرکٹر بنانے کیلئے بہت محنت کی ،انہوں نےگاڑی پر مرغی کا گوشت فروخت کیا اور مجھے گھر میں بائولنگ مشین لا کر دی۔

انگلش ٹیسٹ کرکٹر معین علی نے یہ سنسنی خیز انکشاف اپنی سوانح حیات میں کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے والد میر پور آزاد کشمیر کے رہنے والے اور خطے کے روایتی والد کی طرح ہیں۔ آل رائونڈر نے بتایا کہ ان کے والد کی شادی برصغیر کی روایت کے مطابق والدین کی مرضی سے ہوئی۔

1979 میں جب میرے والد 24 سال کے تھے تو وہ اپنے جڑواں بھائی یعنی چچا شبیر کے ساتھ پاکستان گئے۔ انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ والد کے پاکستان جانے پر دادی نے دونوں کی شادی کیلئے گائوں میں 2 بہنوں کو پسند کیا اور والد نے تو شادی سے قبل والدہ کو دیکھا تک نہیں تھا۔ معین علی نے یہ بھی بتایا کہ شادی کے 3 ماہ بعد والد برمنگھم آ گئے تھے، والدہ 1980 میں برطانیہ آئی تھیں۔