لاہور (دنیا نیوز ) ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں آج آرام کا دن ہے، ٹورنامنٹ میں کل بھارت کا افغانستان سے مقابلہ ہو گا جبکہ بدھ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فائنل سے پہلے فائنل کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ سپر فور میں پاکستان کو مسلسل دوسری بار ہرا کر فائنل تک رسائی پانے والی بھارتی ٹیم کا میچ منگل کو افغانستان سے ہوگا۔ ابوظہبی میں پاکستان کا بنگلہ دیش سے مقابلہ چھبیس ستمبر کو ہوگا، افغانستان کو تین رنز کی سنسنی خیز شکست دینے والے بنگال ٹائیگرز کے پاس بھی فائنل تک رسائی کا یہ آخری چانس ہے۔
کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف اہم میچ میں بیٹسمین اور بولر ناکام رہے، بنگلادیش کے خلاف ا چھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ سپر فور کے آخری دونوں میچ میدان سہ پہر ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔ گذشتہ رات بھارت کے خلاف پاکستان کی مسلسل خراب بیٹنگ کے بعد شاہینوں کی باؤلنگ بھی ناکام رہی۔
بھارتی ٹیم نے دو سو اڑتیس رنز کا ہدف ایک وکٹ پر ہی حاصل کرلیا۔ اوپنرز شیکھر دھون 114 اور کپتان روہت شرما نے 111 رنز کی سپر اننگز کھیل کر آسان ہدف کو مزید آسان کر دیا۔