دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کے لیے بنایا گیا ضابطہ اخلاق مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق کھیل کے دوران چیٹنگ کرنے پر لیول 3 کا چارج لگے گا جب کہ اس سے قبل میچ کے دوران چیٹنگ پر پہلے لیول 2 کا چارچ لگتا تھا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میچ کے دوران گالی دینے والا کھلاڑی بھی لیول 3 کا مرتکب ہوگا جب کہ غیر مہذب اشارہ یا جملہ کسنے اور امپائر کے فیصلے پر اعتراض پر لیول 1 کا اطلاق ہوگا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ میچ میں بال ٹیمپرنگ کرنے والےکرکٹر پر لیول 2 کے بجائے لیول 3 لگے گا جب کہ لیول تھری کے ڈی میرٹس پوائنٹس 8 سے 12 ہوں گے۔ آئی سی سی اعلامیے کے مطابق 12 ڈی میرٹ پوائنٹس پر6 ٹیسٹ یا 12 ون ڈے میچز کی پابندی لگ سکتی ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ میچ ریفری لیول ون، ٹو اور تھری کی سزاؤں کا فیصلہ کرے گا جب کہ لیول 4 میں چارجز اور اپیل کی سماعت جوڈیشل کمشنر کرے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے کوڈ آف کنڈکٹ کا اطلاق 30 ستمبر سے ہوگا۔