دبئی (دنیا نیوز ) آئی سی سی نے ون ڈے کی تازہ رینکنگ جاری کر دی، ایشیا کپ میں بری کارکردگی پر پاکستان کے تین ریٹنگ پوائنٹ کم ہو گئے، بابر اعظم اور حسن علی کی تنزلی ہو گئی، افغان آل راؤنڈر راشد خان نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
ون ڈے کی تازہ ترین رینکنگ میں ایشیا کپ جیتنے پر بھارت کو ایک ریٹنگ پوائنٹ کا انعام، دوسری پوزیشن مستحکم ہو گئی۔ بری کارکردگی پر پاکستان کے 3 ریٹنگ پوائنٹ کم، 5 ویں نمبر پر برقرار رہی۔ حیران کن کارکردگی دکھانے والی افغان ٹیم کو 5 ریٹنگ پوائنٹ ملے، ٹیم اس وقت 10 ویں نمبر براجمان ہے، لیگ سپنر راشد خان چھ درجے ترقی کر کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔ ایشین چیمپئن کپتان روہت شرما کی 2 درجے ترقی، دوسرے نمبر کے بیٹسمین بن گئے۔
شیکھر دھون کی 4 درجے ترقی ہوئی اور انہیں پانچواں نمبر مل گیا، ٹاپ فائیو میں تیسرے بھارتی بیٹسمین بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ بابر اعظم 4 درجے تنزلی کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔ بہترین بائولر کلدیپ یادیو کی 3 درجے ترقی ہوئی اور وہ تیسرے نمبر کے بائولر بن گئے، حسن علی کو 3 درجے تنزلی کے ساتھ ساتویں نمبر پر جانا پڑ گیا۔