پاک بھارت سیریز کیس کی سماعت آج ہوگی

Last Updated On 01 October,2018 09:19 am

لاہور (دنیا نیوز ) پاک بھارت کرکٹ سیریز کیس کی سماعت آج آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ہوگی، پی سی بی نے طے شدہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بورڈ پر 6 ارب ہرجانے کا دعویٰ کر رکھا ہے۔ بھارت کے طے شدہ سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف قانونی شکنجہ تیار کر لیا ہے۔

بی سی سی آئی پر کئے گئے کیس کی تین روزہ سماعت کا آج سے دبئی میں آغاز ہو رہا ہے۔ سیریز نہ کھیلنے پر پی سی بی نے بھارتی بورڈ پر چھ ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کر رکھا ہے۔ سابق چیئرمین نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہوں گے۔ اس قانونی جنگ کا آغاز نجم سیٹھی نے ہی کیا تھا۔

مائیکل بیلوف، جان پالسن اور اینابیل بینٹ پر مشتمل آئی سی سی کا پینل کیس کی سماعت کرے گا۔ سابق چیئرمین ذکاء اشرف کہتے ہیں کہ پاک بھارت سیریز کا ایم او یو محض کاغذ کا ٹکڑا ہے، نجم سیٹھی نے قوم سے جھوٹ بولا تھا، پاکستان اور بھارت گیارہ سال سے آپس میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے ہیں۔