ابوظہبی ٹیسٹ : آسٹریلیا 145 رنز پر آؤٹ، پاکستان کو 190 رنز کی برتری

Last Updated On 17 October,2018 05:03 pm

ابوظہبی (دنیا نیوز ) ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں عباس اور بلال کی تباہ کن بولنگ نےآسٹریلوی بلے بازوں کو 145رنز پر ڈھیر کر دیا، پاکستان کو 190 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز مہمان آسٹریلیا نے بیس رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، ٹوٹل میں سولہ رنز کے اضافے کے بعد پاکستان کو کامیابی ملی، محمد عباس نے شان مارش کو تین رنز پر چلتا کیا، چودہ رنز پر کھیلتے ٹریوس ہیڈ بھی نوجوان فاسٹ بولر ہی نشانہ بنے جبکہ مچل مارش تیرہ رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

انتالیس رنز پر کھیلتے آرون فِنچ پر بلال آصف نے کمال دکھایا۔ کپتان ٹم پین کو قومی آف اسپنر نے ہی پویلین واپس بھجوایا۔

ایک سو اٹھائیس پر آٹھویں وکٹ گر گئی، نیتھن لیون کو بھی بلال نے ہی اپنے جال میں پھنسایا جبکہ کینگروز کا آخری مہرہ بھی محمد عباس کا شکار بنا۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ٹاپ اور مڈل آرڈر کی مکمل ناکامی کے بعد 282 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ پاکستان کی دوسری ہوم گرائونڈ سمجھی جانے والی ابوظہبی کی وکٹ بھی پاکستانی بلے بازوں کو راس نہ آئی اور پاکستان کے مرکزی بلے باز اپنی وکٹیں تحفے میں آسٹریلیا کو دے کر پویلین جا بیٹھے۔

کپتان سرفراز احمد اور اوپنر فخر زمان دونوں نے 94،94 رنز کی اننگز کھیلیں، تیسرے ٹاپ سکورر بلے باز لیگ سپنر یاسر شاہ تھے جنہوں نے 28 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔پاکستان کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور پروفیسر محمد حفیظ صرف 6 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔