کراچی: (دنیا نیوز) نیشنل بنک آف پاکستان ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2018ء گریڈ ٹو کا ٹائٹل کراچی ٹیم نے جیت لیا۔
جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں اٹک اور کراچی کی بلائنڈ ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں اٹک ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی بلائنڈ ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر طاہر علی کی 196 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 301 رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ اٹک کی جانب سے احتشام الحق نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 302 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اٹک ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز ہی بنا سکی۔ احتشام الحق 139 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
کراچی کی جانب سے باولنگ میں محمد کاشف نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ طاہر علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فیصل آباد کے نعمان طاہر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بی 2 اور وکٹ کیپر کیٹگری میں اٹک کے احتشام الحق جبکہ بی تھری کیٹگری میں کراچی کے طاہر علی بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی صدر نیشنل بنک شاہد قیصر اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ، سید بخاری، بلال ستی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ گریڈ 1 کا فائنل لاہور جم خانہ کرکٹ گراونڈ باغ جناح میں بہاولپور اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔