پہلے ٹی ٹونٹی میں پاکستان فاتح، آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست

Last Updated On 25 October,2018 12:21 am

ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16 اعشاریہ 5 اوورز میں 89 ہی بنا سکی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 156 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور پہلے ہی اوور میں عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے بعد فہیم اشرف نے چوتھے اوور میں 2 آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کیا جب کہ پانچویں اوور میں 22 کے مجوعی اسکور پر عماد وسیم نے الیکس کیری کو کیچ آؤٹ کر کے آدھی ٹیم کو پویلین کی راہ دکھائی۔

چھٹی وکٹ لائن کی گری جو 14 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ساتویں وکٹ 13 ویں اوور میں 60 کے سکور پر اگر کی گری جو 19 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔

یوں آسٹریلوی کھلاڑی پاکستانی گیند بازوں کا کھل کر سامنا نہ کر سکے اور پے در پے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے رہے یوں پوری ٹیم سولہ اعشاریہ پانچ اوورز میں نواسی رنز بنا کر لوٹ گئی۔
اس سے قبل ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے جیت کےعزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ہی ترجیح دیتے۔

قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 32 رنز جوڑے، پاکستان کو پہلا نقصان فخر زمان کی صورت میں ہوا جو 14 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز کی شراکت قائم کی، ٹیم کا سکور 105 رنز پر پہنچا تو محمد حفیظ 39 کے انفرادی سکور پر شارٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ 15ویں اوو میں آصف علی کی گری جو صرف 3 رنز بنا کر زامپا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کو چوتھا نقصان 130 کے مجموعی سکور پر ہوا جب حسین طلعت صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر ناکام ہوئی اور 130 رنز کے بعد صرف 3 رنز کے اضافے پر 4 پاکستانی بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ 5ویں وکٹ 130 رنز پر ہی گری جب فہیم اشرف بھی بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ 133 کے مجموعی سکور پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی بنا کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 133 کے ہی مجوعی سکور پر شادب خان 1 اور عماد وسیم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

اننگز کے اختتام تک پاکستان کی ٹیم 8 وکٹوں پر 155 رنز ہی بنا سکی۔ بابر اعظم نے 55 گیندوں پر 68 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جبکہ حسن علی نے 8 گیندوں پر قیمتی 17 رنز کیے اور ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بلی سٹیلیک اور اینڈریو ٹائی نے 3 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ان کے علاوہ فہم اشرف اور شاہین آفریدی نے دو، دو جبکہ شاداب خان اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔