لاہور: (دنیا نیوز) ون ڈے کرکٹ کا ایک اور بڑا اعزاز پاکستان ویمن کے نام ہو گیا، سابق کپتان ثناء میر بولنگ میں نمبر ون ہو گئیں۔
آئی سی سی ویمن کی تازہ ون ڈے رینکنگ کے مطابق پاکستان کی بولر ثناء میر پہلی بار پہلے نمبر پر آ گئیں۔ کوالالمپور میں ہونے والی آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کے خلاف تین میچز میں پاکستان کو تو شکست ہوئی لیکن ثناء میر نے جادوئی بولنگ کی دھاک بٹھائی، انہوں نے چھبیس رنز کے عوض تین، سینتیس رنز دے کر ایک اور ترپن رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
اس شاندار کارکردگی پر تجربہ کار آف اسپنر نے چھ سو تریسٹھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی بار رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ ویمن بیٹنگ میں آسٹریلیا کی ایلسے پیری ٹاپ پر ہیں جبکہ آل راونڈر پرفارمنس میں ثناء میر کی پانچویں پوزیشن ہے۔ بیٹنگ میں ٹاپ 20میں کوئی پاکستانی بلے باز شامل نہیں۔ باولنگ میں ثناء میر کے علاوہ کوئی بالر ٹاپ20 میں بھی شامل نہیں ہے۔