انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑے میچ فکسنگ سکینڈل کا انکشاف

Last Updated On 21 October,2018 10:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کرکٹ کے میدان میں بڑا دھماکا، دو ہزار گیارہ، بارہ کے دوران 15 میچز میں 26 بار سپاٹ فکسنگ کا انکشاف، گھناؤنے دھندے میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور پاکستان کے کرکٹرزشامل ہیں۔ الجزیرہ ٹی وی کی تہلکہ خیز رپورٹ سے ہلچل مچا دی، آئی سی سی نے تحقیقات کا اعلان کر دیا۔

الجزیرہ ٹی وی نے بڑے بڑے نام بے نقاب کر دئیے۔ فکسرز میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما، سریش رائنا اور بالاجی کا نام بھی زیر گردش ہے۔

پاکستان کے عمر اکمل کو بھی بکیوں کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ سپاٹ فکسنگ پر آمادگی ظاہر کرنے والوں میں زیادہ تر بلے باز تھے۔ رپورٹ کے مطابق سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے بکی انیل منور کی 26 میں سے 25 پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ آئی سی سی حکام 8 سال سے بکی انیل منور کو جانتے ہیں تاہم الجزیرہ کے رابطہ کیے جانے پر کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے اس کی تلاش کی اپیل کر دی۔

انگلش کھلاڑیوں نے 7 بار فکسنگ کے دھندے میں ہاتھ رنگے، آسٹریلوی کرکٹرز نے پانچ عالمی میچز کو آلودہ کیا، تین بار پاکستانی کھلاڑیوں نے کھیل اور عزت پر جوئے کو ترجیح دی۔

فکس کئے جانے والے مقابلوں میں 6 ٹیسٹ، 6 ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی شامل تھے۔ الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد آئی سی سی نے فکنسگ سکینڈل کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔