لاہور:(ویب ڈیسک) ڈوپ ٹیسٹ میں معطل کرکٹر احمد شہزاد کو کلب میچ کھیلنے پر پی سی بی نے شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ اوپنر کو پچیس اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈوپ ٹیسٹ پازیٹو آنے پر احمد شہزاد کو چار ماہ کے لئے کرکٹ سرگرمیوں سے معطل کیا ہوا ہے یہ پابندی دس نومبر کو ختم ہونی ہے۔
کرکٹ میں بیڈ بواے امیج رکھنے کے حوالے سے مشہور احمد شہزاد نے اپنے کلب مسلم جم خانہ کی طرف سے چوری چھپے سات میچز میں شرکت کی ، رولز کے مطابق معطلی پیریڈ میں صرف ٹریننگ کی اجازت ہوتی ہے، کلب میچ یا کھیل سے متعلق کسی دوسری سرگرمی میں شرکت ممنوع ہوتی ہے۔احمد شہزاد پی سی بی قوانین کی خلاف ورزی کرکے مزید مشکلات میں پھنس گئے ہیں۔ پی سی بی نے پانچ اکتوبر کو احمد شہزاد پر پابندی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔