ابو ظہبی (دنیا نیوز ) پاکستان نے آسٹریلیا کو ابوظہبی ٹیسٹ میں 373 رنز سے شکست دے دی ہے ، قومی کرکٹ ٹیم نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ایرون فنچ 39 کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، مچل سٹارک نے 34 ، لیبس چینج نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستانی بائولر محمد عباس نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 ، یاسر شاہ نے ایک اور بلال آصف نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 400 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ فخر زمان نے 66 ، اظہر علی 64، اسد شفیق 44 ، بابر اعظم 99، سرفراز احمد 81 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے 4 ، لیبس چینج نے 2 ، مچل سٹارک اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی ٹیم کو دوسری اننگز میں جیت کیلئے 538 رنز کا ہدف ملا لیکن اس کی پوری ٹیم محمد عباس کی تباہ کن بائولنگ کا سامنا نہ کرسکی اور 164 پر ڈھیر ہوگئی۔ میڈیم پیس بائولر نے دوسری اننگز میں 62 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ یاسر شاہ نے 3 اور میر حمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ ہی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی 0-1 سے جیت لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دبئی ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ محمد عباس کو شاندار بائولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔