ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 400 رنز پر ڈکلئیرڈ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 538 رنز کا مشکل ہدف دے دیا، جس کے تعاقب میں تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلوی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنالیے۔
آسٹریلوی اوپنر شان مارش 4 رنز بناکر میر حمزہ کی خوبصورت گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ جب تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو وکٹ پر ایرون فنچ 24 رنز اور ٹریوس ہیڈ 17 رنز پر کریز پر موجود تھے۔
کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، حارث سہیل 17 اور اظہر علی 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم ناتھن لیون نے حارث سہیل کو اپنے اسکور میں اضافہ کیے بغیر پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد اظہر علی اپنی غلطی کے باعث 64 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ اشدشفیق 44 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔
بابراعظم اور کپتان سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کے لیے 133 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں تاہم بابر اعظم ٹیسٹ کریئر کی پہلی سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 99 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سرفراز احمد نے بھرپور کوشش کے باوجود اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور 81 کے سکور پر وہ لبوشین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن نے پہلی اننگز کی طرح ایک بار پھر چار وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کے عوض انھوں نے 135 رنز دیے۔ ان کے علاوہ لبوشین نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی، ایرن فنچ 39 اور مچل اسٹارک 34 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 145 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دن کے اختتام تک پاکستان بھی دوسری اننگز میں اپنی دو وکٹیں گنواچکا تھا، فخرزمان نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔
کھیل کے پہلے روز آسٹریلین اسپنر ناتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی آدھی ٹیم کو صرف 57 رنز پر پویلین بھیج دیا تھا تاہم کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94،94 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور مستحکم کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 4، لیبسچگنی نے 3 ، مچل مارش اور مچل اسٹاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔