لاہور (دنیا نیوز ) آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پندرہ رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، محمد حفیظ اور عماد وسیم کا کم بیک ہوا، محمد عامر کی چھٹی ہو گئی جبکہ وقاص مقصود کا پہلی بار نام شامل کیا گیا ہے۔
یو اے ای میں ہی شیڈول آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پندرہ رکنی قومی سکواڈ میں سرفراز احمد کو ہی کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ محمد حفیظ ٹیسٹ کے بعد ٹی 20 ٹیم میں بھی شامل ہیں۔ فاسٹ بائولر محمد عامر ڈراپ کر دیئے گئے ان کی جگہ نوجوان وقاص مقصود کو شامل کیا گیا ہے۔
انجری سے نجات پانے والے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کم بیک کر لیا ہے جبکہ حسین طلعت اور صاحبزادہ فرحان کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی 20 میچز کی سیریز 24 اکتوبر سے شروع ہو گی۔