ابوظہبی (دنیا نیوز ) ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے دوسری اننگز میں پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ، قومی کرکٹ ٹیم نے ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے تھے جس میں فخر زمان کے 94 ، سرفراز احمد کے 94 اور یاسر شاہ کے 28 رنز شامل تھے۔
آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ ایرون فنچ 39 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ مچل سٹارک 34 اور لیبس چینج 25 رنز کیساتھ نمایاں رہے، آسٹریلیا کا کوئی بھی بلے باز محمد عباس کی سوئنگ بائولنگ کا سامنا نہ کرسکا ، میڈیم پیسر نے 5 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، دوسرے اینڈ سے آف سپنر بلال آصف نے بھی 3 کینگروز کو میدان بدر کیا جبکہ یاسر شاہ بھی ایک وکٹ لینے میں سرخرو ہوئے۔
پاکستان کو پہلی اننگز میں 137 رنز کی برتری حاصل تھی۔ دوسری اننگز میں اوپنر فخر زمان نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنا انتخاب درست ثابت کیا جبکہ محمد حفیظ محض 6 رنز بنا سکے، حارث سہیل 17 رنز بنا کر لیون کی گیند پر سٹمپ ہوگئے۔
دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں نے نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا لیکن 53 ویں اوور میں اظہر علی اپنی غلطی کی وجہ سے دلچسپ انداز میں رن آئوٹ ہوگئے۔ دوسری اننگز میں آسٹریلوی فاسٹ بائولرز وکٹ سے کوئی مدد لینے میں ناکام رہے اور پاکستانی بلے بازوں کے رحم و کرم پر رہے۔ پاکستانی بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں وکٹ کے چاروں جانب سٹروکس کھیلے۔
اظہر علی نے 64 رنز بنائے جبکہ اسد شفیق 44 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ بعد میں آنے والے بلے بازوں بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ففٹیز سکور کیں۔
میچ کے تیسرے روز چائے کے وقفے تک پاکستان نے 5 وکٹ پر 350 رنز بنا لئے تھے۔ چائے کے وقفے تک پاکستان کو آسٹریلیا کیخلاف مجموعی طور پر 487 رنز کی برتری حاصل تھی۔