لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی نے ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی، محمد عباس کو ریکارڈ کارکردگی کا انعام مل گیا، بڑے بڑوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے۔
یو اے ای میں پاکستان آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز کے بعد پلیئر رینکنگ جاری، مہمان آسٹریلین ٹیم کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے والے محمد عباس کو کیرئر کی بہترین رینکنگ کا اعزاز مل گیا۔
اٹھائس سالہ فاسٹ بولر نے 17 وکٹوں کے ساتھ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ اور اب رینکنگ میں تیسری پوزیشن کا انعام پا لیا جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی رینکنگ میں تنزلی ہو گئی ہے۔
مایوس کن کم بیک کرنے والے وہاب ریاض 32 نمبر کے بولر بن گئے، ٹیسٹ سیریز سے آؤٹ محمد عامر کو 34 ویں نمبر پر جانا پڑا، بیٹنگ کے ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں البتہ اظہر علی 15 ویں نمبر پر برقرار ہیں ، کپتان سرفراز احمد ترقی کر کے 25ویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے۔