ابوظہبی: (آن لائن) محمد عباس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے،وہ دونوں ٹیموں کے درمیان واضح فرق ثابت ہوئے ، کپتان
ابوظہبی ٹیسٹ میں فتح کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ محمد عباس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، محمدعباس کی بولنگ ہی جیت کی اصل وجہ بنی اور ان کی بولنگ دونوں ٹیمیوں میں واضح فرق تھا جب کہ ٹیسٹ کے لئے یہ بہترین ٹیم نہیں، ابھی مل بیٹھ کر بہت کچھ کرنا باقی ہے اور محمد عباس کے ساتھ ایک اور فاسٹ بولر تیار کرنا ہو گا تاہم اب تک جتنے بھی لڑکوں نے کھیلا سب ہی نےاچھا پرفارم کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف یہ ہماری بڑی جیت ہے، 57 رنز پر 5 آؤٹ ہونے کے بعد ٹیسٹ میں فتح کمال ہے، پہلی اننگز میں فخرزمان کے ساتھ 147 کی پارٹنرشپ ہی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا، فخر زمان کا ڈیبیو بھی بہت اچھا رہا انہیں بہترین بیٹنگ پر مبارکباد دیتا ہوں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پہلا ٹیسٹ نہ جیت سکنا بد قسمتی ہی کہی جا سکتی ہے، پریشر سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے پرفارمنس جب کہ میچ کے دوران سر اور ہاتھ پر چوٹ لگی ، اللہ کا شکر ہے بچ گیا۔