ہیراتھ کی ریٹائرمنٹ:90ء کے عشرے کا آخری کھلاڑی بھی رخصت

Last Updated On 23 October,2018 05:33 pm

کولمبو: (روزنامہ دنیا) ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بائیں ہاتھ کے اسپنر رنگنا ہیراتھ گال ٹیسٹ کے بعد طویل فارمیٹ کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے،ہیراتھ نے سلیکٹرز کو بتا دیا ہے کہ وہ تین میچوں کی سیریز کھیلنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔

سری لنکن اسپنر کیلئے گال ایک جذباتی وینیو ہے جہاں انہوں نے 1999ء میں اپنا کیریئر شروع کیا اور انہیں اس میدان پر وکٹوں کی سنچری کیلئے ایک شکار کی ضرورت ہے جو انہیں متایا مرلی دھرن کے بعد اس اعزاز کا مالک دوسرا اسپنر بنا دے گی۔40 سالہ رنگنا ہیراتھ جنوری دو ہزار سترہ کے بعد انجریز کی وجہ سے کوئی مکمل ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل سکے لیکن ان کی ریٹائرمنٹ سری لنکن کرکٹ میں ایک بڑا خلاء پیدا کردے گی کیونکہ انہوں نے متایا مرلی دھرن کے بعد اسپن بالنگ کا بوجھ کامیابی کے ساتھ اٹھایا ہوا تھا۔

90ء کے عشرے میں کیریئر شروع کرنے والے آخری فعال کرکٹر نے 430 وکٹیں حاصل کی ہیں جو چھ نومبر سے شروع ہونے والے گال ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں لے کر رچرڈ ہیڈلی، اسٹوارٹ براڈ اور کپیل دیو کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔