دبئی: (دنیا نیوز) دبئی ٹیسٹ میں 14 وکٹیں حاصل کرنے کا یاسرشاہ کوصلہ مل گیا۔ آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں یاسر 9 درجہ بہتری کے بعد دسویں نمبرپرآگئے۔
دبئی سے جاری ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ رینکنگ کے مطابق سب سے زیادہ ترقی یاسر شاہ کو ملی، وہ نو قدم آگے بڑھ کر دسویں نمبر کے بولر بن گئے ہیں۔
بولنگ میں ٹاپ پوزیشن پر جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا براجمان ہیں، دوسرے نمبر پر جیمز اینڈرسن جبکہ تیسری پوزیشن پر محمد عباس برقرار ہیں۔ بیٹنگ کے ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔ اظہر علی تین درجے ترقی کر کے بارہویں نمبر کے بلے باز بنے ہیں۔
واضح رہے کہ یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 8 وکٹیں لے کر پہلے کیوی ٹیم کو فالو آن کرایا، پھر دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لے کر نیوزی لینڈ کو ٹھکانے لگایا یوں ایک ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں لے کر یاسر شاہ نے سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا، یاسر شاہ نے 184 رنز دے کر 14 وکٹیں سمیٹیں۔ عمران خان نے 1982 میں سری لنکا کے خلاف لاہور میں 116 رنز دے کر 14 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔
یاسر شاہ پاکستان کے پہلے اسپنر ہیں جنہوں نے ایک ٹیسٹ میں 14 وکٹوں کا کارنامہ سر انجام دیا، عبدالقادر 1987میں انگلینڈ کے خلاف 13 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے تھے اس کے علاوہ پاکستان کے فضل محمود اور وقار یونس بھی 13، تیرہ وکٹیں لے چکے ہیں۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ یاسر شاہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بھی بن گئے ہیں۔
اس سے پہلے وقار یونس نے 1990 میں فیصل آباد میں نیوزی لینڈ کی 12 وکٹیں لی تھیں۔