فٹبال کے میدان میں بھی دھوم مچانے والے عظیم کرکٹرز

Last Updated On 02 December,2018 04:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عظیم کرکٹر ویوین رچرڈز فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرز میچز بھی کھیل چکے ہیں، دنیا میں جب کبھی بھی کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست مرتب کی جائے گی تو عظیم ویسٹ انڈین بلے باز سر ویوین رچرڈز اس فہرست کا حصہ ضرور ہوں گے۔

بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ رچرڈز دنیا کے شاید وہ واحد مرد کرکٹر ہیں جنہوں نے کرکٹ اور فٹبال دونوں کے ورلڈ کپ میچ کھیلے۔

1975ء سے 1987ء تک کرکٹ کے 4 ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لینے والے عظیم ویسٹ انڈین بلے باز نے کرکٹ کھیلنے سے قبل 1974ء کے ورلڈ کپ کوالیفائرز مقابلوں میں انٹیگا کی نمائندگی کی اور یہ منفرد ریکارڈ بعد میں اس وقت ان کے حصے میں آیا جب وہ فٹبال چھوڑکر کرکٹ کی جانب چلے آئے اور بے مثال شہرت سمیٹنے میں کامیاب رہے۔

ان کے علاوہ 78 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ڈینس کومپٹن انگلینڈ کی تاریخ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک شمار کیے جاتے ہیں۔ 1933ء کے سیزن میں وہ انگلش کلب آرسنل کا حصہ بنے اور کئی سال تک ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 1948 میں لیگ کا ٹائٹل اور 1950 میں ایف اے کپ جیتا۔

ٹپ ارسکن فوسٹر وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہیں فٹبال اور کرکٹ دونوں میں انگلینڈ کی قومی ٹیم کی قیادت کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ 1903ء کے سڈنی ٹیسٹ میں ان کے 287 رنز آج بھی کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میںکسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا سکور ہے۔ اس سے قبل 1890ء میں انہوں نے انگلینڈ کی قومی ٹیم فٹبال ٹیم کے لیے کیریئر شروع کیا اور 1902ء میں کیریئر کا اختتام ویلز کے خلاف میچ میں کپتان کی حیثیت سے کیا۔

اگر انگلینڈ کے عظیم آل راؤنڈرز کی بات کی جائے تو پہلا نام این بوتھم کا آتا ہے جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 7 ہزار 313 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 528 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

تاہم کرکٹ سے قبل وہ فٹبال کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتیں آزما چکے تھے اور 1979ء سے 1985ء کے درمیان سکن تھورپ یونائیٹڈ ٹیم کی جانب سے 11 میچوں میں نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔