لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ امام الحق کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری می ٹو مہم سے نا خوش ہے اور ابتدائی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پلیئرز ایجوکیشن پروگرام پر سختی سے عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بورڈ حکام نے کرکٹرز کو بدنام کرنے اور بلیک میل کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پلیئرز ایجوکیشن پروگرام میں کھلاڑیوں کو مکمل تعلیم دی جائے گی کہ سوشل میڈیا کا استعمال کس طرح کرنا ہے اور خود کو ایسے واقعات سے کیسے دور رکھا جاسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام سنٹرل کنٹریکٹ میں بھی ایک ایسی شق شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔
ذرائع کے مطابق امام الحق کے سامنے آنے والے اس سارے سکینڈل کے بعد پی سی بی نے اپنی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی ہیں جس میں یہ واضح کیا گیا کہ ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کے کمروں میں کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں تھی اور نہ ہی ایسا کچھ ہوا ہے۔ بورڈ حکام نے کرکٹرز کو بدنام کرنے اور بلیک میل کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔