لاہور: (ویب ڈیسک) سابق فاسٹ باؤلر اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر کے پیچھے پیچھے حسن علی، وہاب ریاض اور جنید خان بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔
اپنے یو ٹیوب چینل پر جاری ایک ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ فاسٹ باؤلرز کے ریٹائر ہونے کے بعد پاکستان کی طرف ٹیسٹ کرکٹ کون کھیلے گا۔ آپ نے دیکھا ہو گا کہ میں نے اپنی ویڈیوز میں پہلے بھی کہا تھا کہ یہ سارے کے سارے لڑکے صرف ٹی ٹونٹی کے باﺅلر بننا چاہتے ہیں۔
راولپنڈی ایکسرپیس کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر تو انہیں ون ڈے کرکٹ کھیلتے ہوئے بھی موت پڑتی ہے۔ یہ پاکستانی ٹیم کیساتھ کیا ہو رہا ہے اور یہ لڑکے کیا کر رہے ہیں۔ پاکستان نے محمد عامر پر اتنی سرمایہ کاری کی میچ فکسنگ سے نکال کر واپس لائے اور کھلانے کی کوشش کر رہے ہیں، اب وہ اچھی فارم میں واپس آیا ہے تو اس کے بعد وہ ریٹائرمنٹ دے رہا ہے، یہ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔
شعیب اختر کا مزید کہنا تھا کہ لڑکے خوش قسمت ہیں کہ میرے جیسا کوئی بندہ بورڈ میں نہیں کیونکہ میں بورڈ میں ہوتا تو پاکستان کیلئے کھیلنے سے انکار کے بعد کسی بھی جگہ کھیلنے نہ دیتا کیونکہ سب سے پہلے پاکستان ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مانتا ہوں پیسے بھی بنانے ہیں لیکن آپ کی پاکستان کو ضرورت ہے اور اگر یہی سلسلہ چلتا رہا تو پاکستان کرکٹ نے کیا ترقی کرنی ہے کہ ایک 27 سال کے باﺅلر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔