کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں کرکٹ کے قمقمے روشن ہو گئے، پاکستان اور سری لنکا کے سٹار کھلاڑی آج سے نیشنل سٹیڈیم میں جگمگائیں گے، پہلے مہمان پھر میزبان کھلاڑی پریکٹس کریں گے۔
انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو، شہر قائد میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو نیشنل سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل ہو گئیں، میچز ہی نہیں پریکٹس کے لیے بھی بہترین پچز تیار کر لی گئیں۔
آج دونوں سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں پریکٹس سیشن میں اِن ایکشن ہوں گی، دوپہر دو بجے مہمان آئی لینڈرز کی میدان میں تیاریاں شیڈول ہیں، بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ سمیت فزیکل فٹنس ایکسرسائز کریں گے۔
شام چھ بجے قومی شاہین پریکٹس کے لیے میدان میں آئیں گے، بولنگ کوچ وقار یونس کی آسٹریلیا میں نجی مصروفیت، عدم دستیابی پر چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی نگرانی میں کھلاڑی پریکٹس کریں گے۔
پریکٹس سیشنز کے بعد دونوں ٹیموں کے نمائندگان کی پریس کانفرنس بھی ہو گی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا افتتاحی مقابلہ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔